ملتان کرکٹ سٹیڈیم، لیجنڈز کا پسندیدہ گراؤنڈ جہاں ایشز ہیروز کو شکست ہوئی پاکستان میں ایک ایسا سٹیڈیم بھی ہے جہاں برائن لارا نے ڈبل سنچری تو وریندر سہواگ نے ٹرپل سنچری سکور کر رکھی ہے لیکن پچھلے 12 برس سے یہ سٹیڈیم انٹرنیشنل کرکٹ سے محروم ہے۔ یوں تو ہر کچھ عرصے بعد میڈیا پر صوبہ پنجاب کے جنوب میں واقع شہروں کی 'محرومیاں' مٹانے کے ادھورے وعدے کیے جاتے ہیں لیکن کرکٹ کے حوالے سے کم از کم ملتان کی محرومیاں ختم ہونے کو ہیں۔ بدھ کو پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آٹھواں میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، گو یہ کوئی انٹرنیشنل میچ تو نہیں ہو گا تاہم کئی غیر ملکی کھلاڑی اس میں ضرور شریک ہوں گے۔ اپنی تاریخ، زبان، پکوان اور ورثے کی وجہ سے پہچانے جانے والے اولیا کے شہر ملتان میں موجود اس کرکٹ گراؤنڈ اور اس پر کھیلے جانے والے میچوں کی کہانی انتہائی دلچسپ ہے۔ ملتان کی تاریخ جاننے اور شہر میں کرکٹ کی واپسی کے حوالے سے ہم نے یہاں ایک عرصے سے کرکٹ کی کوریج کرنے والے صحافی ندیم قیصر اور ملتان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں راحت علی اور عامر یامین سے بات کی۔ ملتان انٹرنیشنل...